ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملپے ساحل پرجوش وخروش سے منایا گیا ’پتنگوں‘ کا تہوار

ملپے ساحل پرجوش وخروش سے منایا گیا ’پتنگوں‘ کا تہوار

Tue, 01 Jan 2019 12:47:50    S.O. News Service

ملپے یکم ؍جنوری (ایس او نیوز)سال 2018کے آخری دن ملپے کے ساحل پربڑے جوش و خروش کے ساتھ ’کائٹ فیسٹول‘ منایا گیا جس کی وجہ سے خوبصورت اور رنگ برنگی پتنگیں چاروں طرف آسمان میں اڑتی ہوئی نظر آئیں اورسیاحوں کے لئے یہ ایک دلکش نظارہ ثابت ہوا۔

پتنگوں کے تہوار کا انعقاد اڈپی ضلع انتظامیہ اور ملپے ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا، جس کا افتتاح رکن اسمبلی رگھوپتی بھٹ نے ہوا میں غبارے چھوڑ تے ہوئے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع پنچایت کے صدر دیناکر بابو نے کہا کہ’’ یہ ایک معنی خیز پروگرام ہے اور نئے سال کے استقبالیہ جشن کا حصہ ہے۔آج کے زمانے میں بچوں کو پتنگ تیار کرنے اور اڑانے کا ہنر نہیں معلوم ہے۔ہم نے اپنے بچپن میں پتنگ اڑانے کا مزہ لیا ہے اور آج اس زمانے کی یادیں تاز ہ ہوگئیں۔‘‘

ضلع پنچایت کی نائب صدر شیلا شیٹی نے کہا کہ پتنگ ہمارے ذہن او ردماغ جیسا ہے جو ہمیشہ اونچا اڑتارہتا ہے۔ لیکن جس طرح ایک ڈور پتنگ کو قابو میں رکھتی ہے ، اسی طرح ہمیں بھی اپنے دماغ کو قابو میں رکھنا چاہیے۔اس فیسٹول میں تقریباً 30پیشہ ور پتنگ بازوں نے حصہ لیا۔FLY360ٹیم اپنے ساتھ 30تا 40قسم کے مختلف سائز اور شکل والے پتنگوں کے ساتھ شریک ہوئی تھی۔ رات کے وقت اڑائے جانے والے ایل ا ی ڈی پتنگوں کے دو شو رکھے گئے تھے۔ 

اس موقع پر جدید انداز کی پتنگیں بنانے کا ہنر سکھانے کے لئے فیسٹول کے منتظمین اورFLY360ٹیم کی جانب سے ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔نئے سال کی آمد پر ملپے ساحل پر آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔


Share: